Islamic Question and Answer in Urdu – 1

Islamic Question and Answer in Urdu – 1

سوال:۔اسلام کے کتنے ارکان ہیں؟

جواب:۔ارکانِ اسلام ۵ ہیں (۱)کلمہ (۲) نماز (۳) روزہ (۴) زکوٰۃ (۵) حج

سوال:۔کلمہ سے مراد کونسا کلمہ؟Islamic Question and Answer in Urdu - 1

جواب:۔لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ

سوال:۔اس کے معنیٰ کیا ہیں؟

جواب:۔اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، حضرت محمد ﷺ اللہ کے رسول ہیں

سوال:۔معبود کس کے معنیٰ ہیں؟

جواب:۔الٰہ کے مرادی معنی معبود کے ہیں

سوال:۔الٰہ کے کیا معنیٰ ہیں؟

جواب:۔صاحب الوہیت جو خود بے حاجت ہوکر ہر آن دوسروں کی حاجت روائی کرے

سوال:۔کلمہ طیبہ کا علم و عمل کیا ہے؟

جواب:۔الوہیت الٰہیہ اور رسالتِ محمدیہ ﷺ کی تفصیلات کو جاننا علم ہے اور اس علم کے تقاضوں کو پورا کرناعمل ہے۔

سوال:۔کلمہ طیبہ کے اقرار و تصدیق کی جزاء کیا ہے ؟

جواب:۔بفضل الٰہی نجاتِ ابدی کا استحقاق

سوال:۔کلمہ طیبہ کے انکار سے کیا ہوتا ہے؟

جواب:۔اگر کوئی شخص اس کا انکار کرے وہ موانعات ایمان یعنی، کفر، شرک، نفاق اور ارتداد وغیرہ میں گرفتار ہوجاتا ہے

سوال:۔کفر کس کو کہتے ہیں؟

جواب:۔اللہ تعالیٰ کے معبود ہونے کے انکار کو کفر کہتے ہیں

سوال:۔کفر کا مطلب اور واضح کیجئے؟

جواب:۔اگر کوئی شخص اللہ کی ذات و صفات اور رسول اللہ ﷺ کی ذات و صفات کاانکار کرے تو وہ کافر ہے

سوال:۔اور سادہ لفظوں میں بتائیے کہ کفر کا مفہوم کیا ہے؟

جواب:۔اگر کوئی اللہ کا ، فرشتوں کا، اللہ کی کتابوں کا اور اللہ کے پیغمبروں کا اور آخرت کے دن کا اور خیرو شرکے منجاب اللہ ہونے کا انکار کرے تو اسے کافر کہتے ہیں

سوال:۔کفر سے کیا ہوتا ہے؟

جواب:۔انسان راہ حق سے بھٹک جاتا اور گمراہ ہوجاتا ہے

سوال:۔کفر سے نقصان کیا ہوتا ہے؟

جواب:۔اللہ تعالیٰ ناراض ہوجاتے ہیں اور وہ شخص جہنم کا مستحق ہوجاتا ہے جس میں دردناک عذاب ہے۔

سوال:۔مشرک کسے کہتے ہیں؟

جواب:۔اللہ کو خالق مانتے ہوئے غیراللہ میں سے کسی کو عبادت کا مستحق سمجھنا یا اس کی پرستش کرنا یا ان کو ذریعہ تقرب ٹہرانا اور غیر اللہ کو الوہیت میں شریک اور ساجھی سمجھنا، شرک کہلاتا ہے

سوال:۔مشرکین کا انجام؟

جواب:۔ہمیشہ کے لئے دوزخ میں ڈال دیا جاتا ہے۔

سوال:۔اللہ کا پسندیدہ دین کونسا ہے؟

جواب:۔دین اسلام

سوال:۔دین کے کیا معنی ہیں، دین کو دین کیوں کہتے ہیں؟

جواب:۔دین کے معنی جزا اوربدلہ کے آتے ہیں، اللہ کے حکم کے مطابق فکر و عمل اختیار کرنے کو مذہب اسلام کہا جاتا ہے، جس پر اللہ ہمیشہ کیلئے اچھا بدل دیتے ہیں، اس لئے دین کودین کہتے ہیں

سوال:۔اسلام کے معنیٰ کیا ہیں

جواب:۔اللہ تعالیٰ کے حکم کو مان لینا اور تعمیل حکم میں اپنے آپ کو اللہ تعالیٰ کے سپرد کردینا اسلام کہلاتا ہے

سول:۔ اسلام کا مفہوم مختصر لفظوں میں سمجھائیے؟

جواب:۔باعتبارِ عقیدہ اور عمل اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کرنا ہے۔

سوال:۔علمی لفظوں میں سمجھائیے کہ اسلام کیا ہے؟

جواب:۔اللہ کی الوہیت اور رسالت محمدیہ ﷺ کو تسلیم کرنا

سوال:۔عقیدہ کے معنیٰ اور اس کے مفہوم بتلائیے؟

جواب:۔عقیدہ کے معنیٰ گرہ ڈالنے کے آتے ہیں، اس سے لفظ عقیدہ بنا، اس کی جمع عقائد آتی ہے شریعت اسلام کے وہ اصول جن کا تعلق تصدیق قلبی سے ہو، ان کو عقائد کہا جاتا ہے۔

سوال:۔اسلام کی تعلیمات میں احکام کالفظ استعمال ہوتا ہے، اس کا کیا مطلب ہے؟

جواب:۔احکام حکم کی جمع ہے اوامر و نواہی کے مجموعہ کو احکام کہتے ہیں

سوال:۔اوامر اور نواہی کے معنیٰ کیا ہیں؟

جواب:۔اوامر، امر کی جمع ہے اس میں کسی کام کے کرنے کا حکم متعلق ہوتا ہے اور نواہی منھی کی جمع ہے اس میں کسی کام کے نہ کرنے کا حکم متعلق ہوتا ہے

سوال:۔امر کی دو تین مثالیں دیجئے؟

جواب:۔جیسے نماز پڑہئے، روزہ رکہئے، زکوٰۃ نکالئے،حج کیجئے، وغیرہ